Pakistan

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

دنیا میں کووڈ کا پہلا کیس کب سامنے آیا ہو گا ؟

یہ کہنا تو بہت مشکل ہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے متاثر ہونے والا دنیا کا پہلا فرد کون تھا اور کہاں سے تعلق رکھتا تھا۔ تاہم سائنسدانوں نے سائنسی طریقوں کی مدد سے کووڈ کے پہلے کیس کے دورانیے کا تخمینہ لگایا ہے۔ اس تخمینے کے مطابق دنیا میں کووڈ کا پہلا کیس چین میں اوائل اکتوبر سے نومبر 2019 کے وسط میں سامنے آیا ہو گا۔ درحقیقت ان کا اندازہ ہے کہ دنیا میں پہلا فرد ممکنہ طور پر17 نومبر 2019 کو کووڈ سے متاثر ہوا ہو گا۔ یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ کینٹ یونیورسٹی کی تحقیق کے نتائج جریدے جرنل پلوس Pathogens میں شائع ہوئے جس میں کورونا وائرس کی وبا کے ماخذ کے حوالے سے بات کی گئی۔ 

دنیا میں کورونا وائرس کا پہلا باضابطہ کیس دسمبر 2019 کے شروع میں شناخت ہوا تھا، تاہم ایسے شواہد مسلسل سامنے آرہے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ لوگ اس سے پہلے بھی اس بیماری کا شکار ہو رہے تھے۔ وبا کے آغاز کے دورانیے کو سامنے لانے کے لیے ماہرین نے ریاضیاتی ماڈل کو استعمال کیا جو اس سے پہلے مختلف حیاتیاتی اقسام کے معدوم ہونے کی مدت کا تعین کرنے کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ تحقیق کے لیے ماڈل کو ریورس کر کے جاننے کی کوشش کی گئی کہ کب کووڈ انسانوں میں پھیلنا شروع ہوا اور اس کے لیے 203 ممالک کے ابتدائی کیسز کا ڈیٹا لیا گیا۔ اس تجزیے سے عندیہ ملا کہ کووڈ کا پہلا کیس 2019 میں اکتوبر کے آغاز سے نومبر کے وسط میں چین میں سامنے آیا ہو گا۔ تحقیق کے مطابق ممکنہ طور پر پہلا کیس 17 نومبر کو نمودار ہوا ہو گا اور یہ بیماری جنوری 2020 میں دنیا بھر میں پھیل گئی۔ نتائج سے ان شواہد کو تقویت ملتی ہے یہ وبا جلد نمودار ہوئی اور باضابطہ طور پر تسلیم کیے جانے سے قبل ہی تیزی سے پھیل گئی۔ 

تحقیق میں یہ بھی شناخت کی گئی کہ کب کووڈ 19 چین سے باہر اولین 5 ممالک میں پہنچا اور دیگر براعظموں تک پہنچا۔ مثال کے طور پر ان کا تخمینہ ہے کہ چین سے باہر پہلا کیس جاپان میں 2 جنوری 2020 کو سامنے آیا ہو گا جبکہ یورپ میں پہلا کیس 12 جنوری 2020 کو اسپین میں آیا ہو گا۔ محققین کے مطابق ان کا یہ نیا طریقہ کار مستقبل میں دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کووڈ کے آغاز کے بارے میں معلومات سے اس کے مسلسل پھیلاؤ کو سمجھنے میں بھی مدد مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ کار ہم نے جانداروں کے معدوم ہے کی مدت کو جاننے کے لیے تیار کیا تھا تاہم ہم نے اسے کووڈ 19 کے آغاز اور پھیلاؤ کے لیے استعمال کیا۔

 بشکریہ ڈان نیوز

Post a Comment

0 Comments